اہم خبریںبین الاقوامیبین الاقوامی خبریںپاکستانتصاویر اور مناظردلچسپ و عجیبملٹی میڈیا

سڈنی بونڈائی بیچ حملہ، وزیراعظم انتھونی البانیز کی زخمی ہیرو احمد الاحمد سے اسپتال میں ملاقات

اسٹاف رپورٹ :پی این نیوز ایچ ڈی

آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے سڈنی کے مشہور بونڈائی بیچ پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے دوران ایک حملہ آور کو قابو کرنے والے مسلمان نوجوان احمد الاحمد کی اسپتال میں عیادت کی اور ان کی غیر معمولی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا.

وزیراعظم نے احمد الاحمد کی خیریت دریافت کی، جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ احمد نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر بے گناہ شہریوں کی جانیں بچائیں، جو ایک حقیقی ہیرو کا کردار ہے۔ انتھونی البانیز نے کہا کہ احمد الاحمد کی جرأت اور حوصلہ پورے آسٹریلیا کے لیے باعثِ فخر ہے.

واضح رہے کہ بونڈائی بیچ پر دہشتگرد حملے کے وقت احمد الاحمد اپنے دوست کے ساتھ ساحل پر کافی پینے آئے تھے۔ اچانک فائرنگ شروع ہونے پر وہ دیگر افراد کے ساتھ پارک کی گئی گاڑیوں کے پیچھے چھپ گئے، تاہم موقع ملتے ہی احمد الاحمد نے جان کی پروا کیے بغیر ایک حملہ آور کو دبوچ لیا، جس کے باعث مزید قیمتی جانیں بچ گئیں.

اس جرأت مندانہ اقدام کے دوران احمد الاحمد کو دو گولیاں لگیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے سرجری کے ذریعے ان کے جسم سے گولیاں نکال دیں اور طبی عملے کے مطابق اب ان کی حالت تسلی بخش ہے.

یاد رہے کہ بونڈائی بیچ پر ہونے والے اس دہشتگرد حملے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 42 زخمی ہوئے۔ واقعے میں ایک دہشتگرد مارا گیا اور دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے.

احمد الاحمد کی بہادری نے انہیں عالمی سطح پر شہرت دلائی ہے۔ دنیا بھر کے سربراہانِ مملکت، سیاسی رہنماؤں اور عوامی حلقوں کی جانب سے ان کی جرأت کو سراہا جا رہا ہے اور انہیں انسانیت کا ہیرو قرار دیا جا رہا ہے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے