صدر مادورو ہی آئینی صدر، ریاستی نظام مکمل طور پر فعال ہے:وینزویلا وزیرِ خارجہ ایوان گل
اسٹاف رپورٹ :پی این نیوز ایچ ڈی
وینزویلا کے وزیرِ خارجہ ایوان گل نے کہا ہے کہ صدر نکولس مادورو بدستور ملک کے آئینی اور قانونی صدر ہیں اور ان کی گرفتاری کے باوجود ریاستی نظم و نسق پوری طرح قائم ہے.
سرکاری ٹی وی سے خطاب کرتے ہوئے ایوان گل نے واضح کیا کہ وینزویلا کا آئین بالکل واضح ہے اور عوام کے منتخب صدر نکولس مادورو موروس ہی ملک کے واحد آئینی صدر ہیں.
انہوں نے کہا کہ صدر مادورو کی جسمانی موجودگی کو فوری طور پر بحال کیا جانا چاہیے، کیونکہ امریکا کی جانب سے یہ اقدام وینزویلا کے آئین اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے.
وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ آئین پوری قوت کے ساتھ نافذ العمل ہے اور ملک کے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر فعال ہیں۔ ان کے مطابق مسلح افواج اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں، پولیس متحرک ہے اور عوام بھی ریاست کی خودمختاری اور وطن کے دفاع کے لیے میدان میں موجود ہیں.
ایوان گل نے عوام کو یقین دلایا کہ وینزویلا ایک مضبوط اور خودمختار ریاست ہے، جس کا آئینی ڈھانچہ مستحکم ہے اور وہ ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جیسا کہ ماضی میں بھی ملک نے ثابت کیا ہے.




