(سٹاف رپورٹ ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
تمام 183 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے رانا محمد سلیم 47649 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں.
پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار نورین نشاط 34030 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ پیپلز پارٹی کے میر واثق 15059 ووٹ لےکر تیسرے نمبر پر رہے.
مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا محمد سلیم کی کامیابی پر پارٹی کارکنوں نے جشن منایا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگرے ڈالے، مٹھائیاں تقسیم کیں اور شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا.
پی پی 206 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے نشاط احمد ڈاہا کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، لیکن اس حلقے پر نشاط احمد ڈاہا کی اہلیہ نورین نشاط ڈاہا نے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا.
خانیوال میں پی پی 206 کے ضمنی الیکشن کے لیے ہونے والی پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی.
اس حلقے میں 44 شہری وارڈ اور 6 دیہی یونین کونسل شامل ہیں.
حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 30 ہزار 698 ہے، جن میں مرد ووٹر کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 190 اور خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 508 ہے.
حلقہ میں 183 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے جن میں 62 مرد اور 60 خواتین جبکہ 61 مشترکہ پولنگ اسٹیشن تھے.
ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رانا محمد سلیم، پی ٹی آئی کی جانب سے نورین نشاط ڈاہا، پیپلز پارٹی کی جانب سے میر واثق سرجیس حیدر ترمذی، تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے شیخ اکمل اور دیگر چار آزاد امیدواروں نے حصہ لیا.
256