ریاض میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے اعزاز میں پروقار تقریب
ریاض سعودی عرب : رپورٹ عالم خان مہمند پی این نیوز ایچ ڈی
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جوائنٹ سیکرٹری سعودی عرب چوہدری سجاد علی کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا.
تقریب میں امریکہ سے تشریف لائے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ڈاکٹر سعید احمد مہمانِ خصوصی تھے.
اس تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سعودی عرب میں مقیم عہدیداران، پارٹی کارکنان اور بڑی تعداد میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اوورسیز کمیونٹی کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے پاسپورٹ پروٹیکٹر کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور اس کے ساتھ سافٹ اسکلز ٹریننگ کو شامل کرنے کا اقدام نہایت قابلِ تحسین ہے.
ان کا کہنا تھا کہ اس قانون سے بیرون ملک جانے والے پاکستانی ہنرمند افراد کو جدید مہارتیں حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جس سے نہ صرف انہیں بہتر روزگار میسر آئے گا بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا.
شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ اس نوعیت کے اقدامات بہت پہلے نافذ ہونے چاہئیں تھے تاکہ پاکستانی افرادی قوت بیرون ملک جدید اسکلز سیکھ کر بہتر ملازمتیں حاصل کر سکے اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے.
تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد، صدر ریاض ریجن عدنان اقبال بٹ، چوہدری سجاد علی، مخدوم امین تاجر اور وسیم ساجد سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو کی.
آخر میں مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی.




