ریاض (نمائندہ خصوصی )پاکستان انڑنیشنل سکول (ناصریہ) ریاض گزشتہ نصف صدی سے ریاض سعودی عرب میں پاکستانی تارکین وطن کے بچو ں کی تعلیم کی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے۔ گزشتہ سال سے کووڈ -19 کی صورتحال کے پیش نظر اسکول نے آن لائن کلاسز کا سلسلہ جاری رکھا ہو ا ہے۔ بورڈ کلاسز کے امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سکول پرنسپل ائیر کموڈور (ر) نعیم اختر نے سعودی وزارت تعلیم اور بلدیہ سے متعدد اپروولز لے کر فیڈرل بورڈ کےامتحانات کے انعقاد کو یقینی بنایا۔ ان امتحانات میں تقریباًً ساڑھے پانچ سو کے قریب طلباء اور طالبات شریک ہو رہے ہیں۔ سکول کے سات سے دس فیصد طلباء پاکستان میں فلائٹس آپریشن رک جانے کی وجہ سےاس دفعہ سینٹر تبدیل کروا کر پاکستان میں امتحانات میں شریک ہو رہے ہیں۔ اس ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کے لئے پرنسپل نے والدین کی مدد کے لئے کئی ماہ سے ایک ہیلپنگ ڈیسک سکول میں قائم کر رکھا ہے جو چوبیس گھنٹے اپنی خدمات انجام دیتا رہا ۔ پاکستان انٹرنیشنل سکول ریاض کے قائم شدہ سینٹرز میں پاکستان انٹرنیشنل سکول ، جواہر سکول اور سینٹرل ریجن کے بے شمار پرائیویٹ بچے بھی امتحان دے رہے ہیں۔
تمام امتحانی سینٹرز اور اس کے فرنیچر کو ہر پیپر شروع ہونے سے پہلے سینٹائز کیا جاتا ہے۔ تما م بچے اور ڈیوٹی پر متعین عملہ ماسک پہن کر امتحانی مراکز میں داخل ہو تا ہے۔ داخلے سے قبل سکول میڈیکل سپر وائزر محمدفاروق تما م بچوں اور اساتذہ کا درجہ حرارت اور توکلنا ایپ چیک کرتا ہے۔ تمام بچوں کے بیٹھنے کے لئے دو میڑ کا فاصلہ رکھا گیا ہے۔
سکول پرنسپل ائیر کموڈور (ر) نعیم اختر ہمہ وقت امتحانی عملے کے ساتھ موجود رہتے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بطریق احسن نپٹا جا سکے۔اس دفعہ امتحانات پاکستان انٹرنیشنل سکول (انگلش سیکشن) کے ہالز میں منقعد ہو رہے ہیں۔ پرنسپل نعیم اختر نے انگلش سیکشن کے پرنسپل اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے اپنے سکول ہالزان کٹھن حالات میں پاکستانی بچوں کے امتحانات کےلیے فراہم کیے۔پرنسپل نعیم اختر نے بتایا کہ اگر کسی بچے کا درجہ حرارت زیادہ ہوا تو اسے امتحان دینے کی ہر گز اجازت نہیں ہو گی ایسے طلباء کے لئے فیڈرل بورڈ بعد میں ایک سپیشل امتحان منقعد کرے گا۔لہذا والدین سے گزارش ہے کہ امتحانات کے دوران اپنے بچوں کا دیگر فیملیز سے رابطہ منقطع رکھیں تاکہ تمام بچے خیر و عافیت سے امتحانات کے مرحلے سے گزر سکیں۔ انہوں نے سفیر پاکستان لفٹیننٹ جنرل(ر) بلال اکبر اور سکول لنک افسر نوید افضال کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان مشکل ترین حالات میں امتحانات کے انعقاد کے لئے ہمہ وقت بھر پور تعاون کیا۔
