ریاض میں پروفیشنل ایگزیکٹو فورم کے زیرِ اہتمام ایک جامع پریس بریفنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں فورم کے عہدیداران، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات اور میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مزید تفصیلات جانتے ہیں
سعودی عرب رپورٹ : عالم خان مہمند پی این نیوز ایچ ڈی
پریس بریفنگ سے چیئرمین پروفیشنل ایگزیکٹو فورم انجینئر رانا کاشف رضا نے خطاب کرتے ہوئے فورم کے قیام، اغراض و مقاصد، وژن اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ پروفیشنل ایگزیکٹو فورم پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ، کاروباری روابط کے استحکام اور کمیونٹی کی مجموعی بہتری کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس موقع پر موٹیوشنل اسپیکر اور صدر پی ای ایف ریاض ریجن ڈاکٹر وقاص نے نوجوانوں کی رہنمائی، مثبت سوچ، خود اعتمادی اور پیشہ ورانہ ترقی کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔
صدر ڈاکٹر فورم ڈاکٹر ضمیر نے طبی اور سماجی شعبوں میں فورم کے کردار اور خدمات کو اجاگر کیا، جبکہ چیئرمین مجلسِ عاملہ اعجاز چوہدری نے تنظیمی ڈھانچے اور آئندہ سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ رضوان چوہان، سردار طلعت اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے فورم کی کاوشوں کو سراہا اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر صحافیوں کی بہترین خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا، جبکہ میڈیا کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا.








