او آئی سی کے سیکرٹری جنرل جناب حسین برہیم طحہٰ سے وزیر خارجہ کی ملاقات 210

پاکستان او آئی سی کا اسلامو فوبیا پر خصوصی ایلچی مقرر کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کرتا ہے

(سٹاف نیوز تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

یہ ملاقات وزارتِ خارجہ میں ہوئی۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،اسپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے
وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو وزارت خارجہ تشریف آوری پر خوش آمدید کہا۔ وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے انعقاد میں تعاون کے لیے سیکرٹریٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کا انعقاد ،پاکستان کے لیے ایک خاص موقع ہے کیونکہ ہم اپنی آزادی کا 75واں سال منا رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں، تنظیموں کی سرگرمیوں کے بارے میں سینئر عہدیداروں کے اجلاس میں پیش کردہ خصوصی رپورٹ کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کی صورتحال تشویشناک ہے۔
وحشیانہ فوجی قبضے کے تحت انسانی حقوق کی صورتحال کو خراب کرنے کے علاوہ، بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کے درپے ہے۔ ہم اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا پر حالیہ قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یہ امر باعث مسرت ہے کہ پاکستان کے اقدام کو او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کی طرف سے مکمل حمایت حاصل رہی۔ پاکستان او آئی سی کا اسلامو فوبیا پر خصوصی ایلچی مقرر کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کرتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس سے اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
افغانستان کی صورتحال، بالخصوص انسانی بحران او آئی سی کی مسلسل توجہ کا متقاضی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ افغانستان کے لیے ہیومینٹیرین ٹرسٹ فنڈ کے آپریشنل آغاز سے افغان عوام کو درپیش انسانی چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ 19 دسمبر 2021 کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق، ہمیں مناسب بجٹ اور لاجسٹک سپورٹ کے ذریعے کابل میں او آئی سی کی موجودگی اور خصوصی ایلچی کے دفتر کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران، ہم او آئی سی کو مزید متحرک بنانے کے لیے سیکرٹریٹ کے ساتھ فعال طور پر رابطہ استوار رکھیں گے۔ ہم او آئی سی چیئر کے طور پر اپنے مینڈیٹ کو پورا کرنے کے لیے سیکرٹریٹ کی مسلسل حمایت کے متمنی ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں