انٹرویواہم خبریںبین الاقوامیبین الاقوامی خبریںپاکستانتصاویر اور مناظرٹیکنالوجیکاروبارملٹی میڈیا

پاکستان انٹرنیشنل اسکول عزیزیہ جدہ میں فائن آرٹس و ہوم اکنامکس کی سالانہ تقریب کا انعقاد

جدہ رپورٹ ثناء شعیب: پی این نیوز ایچ ڈی

پاکستان انٹرنیشنل اسکول عزیزیہ جدہ کی جانب سے فائن آرٹس اینڈ ہوم اکنامکس کے شعبے کے تحت سالانہ تقریب و نمائش کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں، فنی مہارتوں اور عملی کام کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں اساتذہ، طالبات، والدین اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پیش کیے گئے کام کو بے حد سراہا.

تقریب کی میزبانی کے فرائض فاطمہ عمران نے نہایت اعتماد اور خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ پروگرام کا آغاز ریماس کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پڑھنے کا شرف ہُدیٰ کو حاصل ہوا۔ اس موقع پر فاطمہ سکندر نے فائن آرٹس اور ہوم اکنامکس کی اہمیت پر جامع تقریر پیش کی اور کہا کہ یہ مضامین طالبات میں تخلیقی سوچ، خود انحصاری اور عملی زندگی کے لیے ضروری مہارتوں کو فروغ دیتے ہیں.

تقریب کو چار چاند فاطمہ عمران، نوف شاہد، عائشہ فیاض، وریشہ مجید، ماریہ یونس، سجا عبد اللطیف، منیصہ نفیس، حفصہ عبیداللہ اور حفصہ راشد کی شاندار پرفارمنسز اور تخلیقی پیشکشوں نے لگائے۔ طالبات کی جانب سے پیش کیے گئے فن پارے، دستکاری کے نمونے اور ہوم اکنامکس سے متعلق پراجیکٹس حاضرین کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے، جو ان کی محنت، سلیقے اور تخلیقی صلاحیتوں کا واضح ثبوت تھے۔

تقریب کے دوران وائس پرنسپل مسز سائمہ نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایونٹ کے انعقاد کو سراہا اور طالبات کے کام کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طالبات کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتیں عملی طور پر دکھانے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی محنت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی رہنمائی میں طالبات نے معیاری اور تخلیقی کام پیش کیا.

تقریب کے مہمانِ خصوصی پرنسپل سر عتیق الرحمٰن تھے، جنہوں نے طالبات اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے تعلیمی اور تخلیقی ایونٹس اور نمائشوں کا انعقاد تسلسل کے ساتھ ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ فائن آرٹس اور ہوم اکنامکس جیسے مضامین طالبات کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور انہیں مستقبل کے لیے بہتر طور پر تیار کرتے ہیں.

تقریب کے اختتام پر فائن آرٹس و ہوم اکنامکس کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی اساتذہ مسز فلزا انور اور مسز نجیہ کو ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے۔ آخر میں اسکول انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اس طرح کی مثبت اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے