آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کے لیے فنگر پرنٹس تصدیق کا نیا نظام متعارف
اسٹاف رپورٹ: پی این نیوز ایچ ڈی
محکمہ پاسپورٹس نے آن لائن پاسپورٹ درخواستوں میں درپیش فنگر پرنٹس کی تصدیق کے تکنیکی مسائل کے حل کے لیے نیا اور جدید آن لائن تصدیقی نظام متعارف کرا دیا ہے۔ اس نظام کے تحت اب درخواست گزار نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے باآسانی اپنے فنگر پرنٹس کی تصدیق کر سکیں گے۔
فنگر پرنٹس کی تصدیق میں کسی بھی قسم کی مشکل کی صورت میں چہرے کی تصدیق (فیس ویریفکیشن) کا آپشن بھی فراہم کر دیا گیا ہے، جس سے آن لائن درخواست کے عمل میں مزید آسانی پیدا ہوگی۔
ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے آن لائن فنگر پرنٹس کی تصدیق میں مشکلات سے متعلق شکایات موصول ہو رہی تھیں، جن کے پیش نظر یہ نیا نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سہولت سے بالخصوص بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور سینئر سٹیزنز کو نمایاں فائدہ حاصل ہوگا۔
ڈی جی پاسپورٹس نے مزید کہا کہ شہریوں کی سہولت اور وقت کی بچت کے لیے محکمہ پاسپورٹس جدید اور مؤثر سہولیات متعارف کروانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے، تاکہ پاسپورٹ کے حصول کا عمل زیادہ آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔




