امریکی صدر سے منسوب بیان حقائق کے برعکس اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا،وزیراعظم شہباز شریف 217

وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا ۱۲ ربیع الاول 1444/2022 کے موقع پر قوم کے نام پیغام

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

جس ماہتابِ نبوت کا انسانیت صدیوں سے انتظار کر رہی تھی کہ وہ طلوع ہو, اور اپنی ضیاء پاشیوں سے جہالت، ظلم، بربریت، استحصال کے گھٹاٹوپ اندھیروں کو دور کرے، اس سالارِ نبوت کی تشریف آوری 12 ربیع الاول کو ہوئی۔ اللہ تعالٰی نے مومنوں پہ احسان فرماتے ہوئے فخرِکون ومکاں، سرور انس وجان او ر نبی آخر الزماں حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبین ﷺ کو تمام انسانوں کی طرف مبعوث فرمایا۔
میری طرف سے اس نعمتِ عظمٰی کی تشریف آوری پر قوم کو مبارک ہو۔ یہ اللہ تعالیٰ کا احسانِ عظیم ہو ا کہ اس نے حضور ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر بھیجا۔ آپ ﷺ کی تشریف آوری سے دکھیوں کو چین ملا، بے سہاروں کو سہارا ملا۔ یتیموں اور بیواؤں کو پناہ ملی، غریبوں کو خوداری، غلاموں کو عزت اور امیروں کو سخا نصیب ہوئی۔
حضور اکرم ﷺ کی بعثت نے تہذیب کو وقار، ثقافت کو تقدس، علم کو وسعت، فکر کو ندرت، عمل کو طہارت، نفرتوں اور عداوتوں میں سسکتی انسانیت کو اُخوت ومحبت کے تحفے اور انسان کو اپنے خالق تک رسائی کی معرفت نصیب فرمائی۔ حضور نبی کریم ﷺ کی سیرت مقدسہ تمام انبیا ء و رسل کی خوبیوں کا جامع ہے۔ آپ ﷺ نے اپنی ارفع اور پاکیزہ تعلیمات کے ذریعے زندگی کا فطری تصور پیش کیا۔اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور انسانوں کی برابری کی تعلیم دی۔ بڑائی کی بنیاد اچھے اعمال اور اعلی ٰ اخلاق پر رکھی اور ظلم و ناانصافی کی ہر شکل کو ممنوع قراردیا۔ آپ ﷺ کے اثر انگیز ارشادات اور اسوء حسنہ کا نتیجہ یہ نکلا کہ صدیوں کے دشمن بھائی بھائی بن گئے اور غریبوں اور کمزورں کے سر پر لٹکتی ظلم کی تلوار ٹوٹ گی۔ جہالت کی جگہ علم وعرفان نے لے لی اور افلاس ومحکومی کے بدلے معاشرے کو غنا اور آزادی نصیب ہوئی۔قیامت تک انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاں ﷺکی کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب مکرمﷺ کی کامل اتباع و اطاعت نصیب فرمائے۔ آمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں