ریاض میں مجلس پاکستان کے زیر اہتمام پروفیسر خورشید احمد، پروفیسر ساجد میر اور یعقوب لالہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس 128

ریاض میں مجلس پاکستان کے زیر اہتمام پروفیسر خورشید احمد، پروفیسر ساجد میر اور یعقوب لالہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

رپورٹ الریاض سعودی عرب عالم خان مہمند :پی این پی نیوز ایچ ڈی

ریاض میں مجلس پاکستان کے زیر اہتمام حال ہی دنیا سے رخصت ہونے والی تین معتبر شخصیات کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، ان شخصیات میں معروف اسلامی سکالر، اسلامی معیشت دان اور مفکر سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان سابق سینیٹر پروفیسر خورشید احمد مرحوم ، ممتاز عالم دین، محقق اور سابق امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور شہر ریاض کی معروف سماجی شخصیت یعقوب لالہ شامل تھے، اس پروگرام میں شہرریاض کی سیاسی، سماجی اور علمی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سرپرست اعلیٰ مجلس پاکستان جناب سید ثاقب زبیر نے تینوں شخصیات کی زندگیوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان تینوں شخصیات کا دائرہ کار مختلف تھا تاہم ان کی زندگیوں کا مرکز و محور رضائے الہی کا حصول تھا، انہوں نے تینوں افراد کی دین کے ساتھ کمٹمنٹ، قرآن کے ساتھ شغف اور بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ سے شروع ہونے والے نظریاتی سفر، دو قومی نظریہ کی اساس اور ترویج میں ان کے کردار، قیام پاکستان کے فوری بعد ریڈیو پاکستان پر اسلامی ریاست کے خدوخال پر نشری تقاریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ پاکستان کی اسلامی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ہے، پروفیسر خورشید مرحوم جماعت اسلامی اور سید مودودیؒ کے وہ تراشیدہ ہیرے تھے جنہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
سید ثاقب زبیر نے حال ہی میں دشمن کے مقابلہ میں پاکستان کی دفاعی کامیابیوں پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور حکومت وقت اور مقتدرہ قوتوں سے تقاضہ کیا کہ اس کامیابی کے بعد کشمیر کے معاملہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانا اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر اپنا کیس عالمی برادری کے سامنے رکھنا ہماری حکومت کی ذمہ داری ہے۔
صدر مجلس پاکستان رانا عبدالرؤف نے مرحومین کو خراج تحسین پیش کیا، ان کے نقش قدم پر چلنے کا مصمم ارادہ کیا، انہوں نے کہا ان سب مرحومین کا مقصد اعلائے کلمۃ اللہ تھا اللہ تعالی سب کی حسنات کو قبول فرمائے
جناب نسیم پاشا نے پروفیسر خورشید احمد مرحوم کی پوری زندگی، پیدائش سے وفات تک زندگی کے مختلف ادوار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔اس کے بعد جناب ابراہیم سراج نے ان کی معاشی خدمات بالخصوص اسلامی معیشت میں ان کے کام کا خاکہ پیش کیا، بعدازاں مرحوم کی حیات و خدمات پر مشتمل ایک مختصر ڈاکومنٹری پیش کی گئی، اس کے بعد جناب معروف الغنی صدیقی نے پروفیسر خورشید مرحوم کے قائم کردہ اداروں کا تعارف پیش کیا
شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے مرکزی جمعیت اہلحدیث الریاض کے امیر مولانا عبدالمالک نے مرحومین سے اپنے ذاتی تعلق اور ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی سیرتوں پر روشنی ڈالی، اتحاد امت اور فروعی اختلافات کو پس پشت ڈالنے پر زور دیا، تقریب سے حمزہ عباس ، ۔۔۔۔،۔۔۔۔ودیگر نے بھی خطاب کیا، پروگرام کی نظامت کے فرائض رانا عمر فاروق نے ادا کئے۔ دعا سے پروگرام کا اختتام ہوا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں