A helicopter carrying Indian Chief of Defense Staff General Bipin Rawat has crashed 356

جنرل بپن راوت سمیت 14 افراد کو لے جانے والا بھارتی ملٹری ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ،13 ہلاکتوں کی اطلاع

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
انڈیا کے چیف آف ڈیفینس جنرل بپن راوت اور ان کے اہلخانہ کو لے جانے والا انڈین فوج کا ہیلی کاپٹر ریاست تمل ناڈو میں گر کر تباہ ہو گیا ہے اور ریاستی وزیرِ جنگلات کے مطابق اس حادثے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں.
حکام نے ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے اور تاحال جنرل راوت یا ان کے اہلخانہ کی صحت کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی بیان بھی سامنے نہیں آیا ہے.
فوجی ہیلی کاپٹر کو یہ حادثہ بدھ کو سولور اور کوئمبٹور کے درمیان پیش آیا اور وہ ایک پہاڑی علاقے میں گرا۔ انڈیا کی فضائیہ کے مطابق جو ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا وہ روسی ساختہ اور ایم آئی 17 وی فائیو ماڈل کا تھا.
جائے حادثہ سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں جائے وقوعہ سے آگ کے شعلے اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں.
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر کوئمبٹور کے نزدیک سولور میں واقع انڈین فضائیہ کے اڈے سے ویلنگٹن جا رہا تھا اور اس پر عملے کے ارکان سمیت کل 14 افراد موجود تھے جن میں جنرل راوت، ان کی اہلیہ، جنرل راوت کے معاونین اور ان کا عملہ شامل ہیں۔
تمل ناڈو کے وزیر جنگلات کے رام چندرن نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ ہیلی کاپٹر پر سوار 14 میں سے 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ ایک فرد کی حالت تشویشناک ہے.
انڈین فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے.
آل انڈیا ریڈیو کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جمعرات کو پارلیمنٹ میں اس حادثے کے بارے میں مزید معلومات دیں گے جبکہ انھوں نے نئی دہلی میں جنرل راوت کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی ہے.
اے آئی آر کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فضائیہ کے سربراہ وی آر چودھری کو بھی جائے حادثہ پر پہنچنے کو کہا ہے.
انڈیا کے وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گدکری نے ٹویٹ کیا کہ وہ یہ سن کر بہت صدمے میں ہیں کہ جس ہیلی کاپٹر میں شری بپن راوت سوار تھے وہ تباہ ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی ہر ایک کی حفاظت اور سلامتی کے لیے دعا ہے.


خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کے حوالے سے بتایا ہے کہ تمل ناڈو میں ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بارے میں متعلقہ وزارت کی طرف سے معلومات دی جائیں گی.
خیال رہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 31 دسمبر 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے لیکن مودی سرکار نے انہیں بھارت کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا تھا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں