اڈیپٹ کلب سعودی عرب کی بانی سیدہ نمیرہ محسن شیرازی کی جانب سے یوم دفاع پاکستان اور یوم الوطنی سعودی عرب کی شاندار تقریب کا انعقادکیا گیا۔
اڈیپٹ کلب سعودی عرب کی بانی سیدہ نمیرہ محسن شیرازی کی جانب سے یوم دفاع پاکستان اور یوم الوطنی سعودی عرب کی شاندار تقریب کا انعقادکیا گیا۔
الدمام رپورٹ-شاہین جاوید
5 ستمبر 2025 بروز جمعہ الخبر کے ساحلوں سے اٹھنے والی ہواوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی و دیگر اقوام کے دلوں کو ایک ساتھ دھڑکتے دیکھا۔
اس دن کا ہر فرد کو بے چینی سے انتظار تھا۔ سمندر کنارے ایستادہ ہوٹل گولڈن ٹیولپ کے درودیوار بے غرض محبت و یگانگت سے دمکتے، مسکراتے چہروں سے جگمگا رہے تھے۔
تقریب کا آغاز باسل حماد نے سورہ بقرہ کی خوبصورت آیات سے کیا۔ زینب نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ دونوں ممالک کے ترانے حاضرین محفل نے مل کر گائے۔ سیدہ نمیرہ محسن نے تقریب کا آغاز کرتے ہوئے اڈیپٹ وومن کلب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور ٹیم کا تعارف کروایا۔ انہوں نے تقریب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نئی نسلوں کو پاکستان کی تحریک ، قیام اور مستقبل کے روشن امکانات کے بارے میں تعلیم دینے پر زور دیا۔ عورت کے لئےاس کی مضبوطی، بہادری، اور زندگی کے اعلی مقصد کی اہمیت کو واضح کیا۔
فاطمہ بخاری نے کلب کے مقصد، نظریے اور سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔
تقریب کی میزبانی ذنیرہ ذوالنون، وائس چئروومن اڈیپٹ کلب ، احمد سرور، گلو کارذیشان احسان اور افشاں ملہان نے کی۔ ذنیرہ نے اپنے برجستہ جملوں اور ذیشان احسان نے مختلف ترانے گا کر اپنی خوبصورت آواز سے لوگوں کے دل جیت لئے۔ احمر اسلم کی گٹار پر قومی ترانے کی دھن نےسامعین کو مسحور کیا۔ بچوں اور والدین نے دل کھول کر تقریب میں حصہ لیا۔ علاقائی ڈریس شو، رقص، ترانے، غرض ہر طرف گو عید کا سا سماں تھا۔ کوئز کے دوران حاضرین محفل کو نہ صرف علم بلکہ قیمتی تحائف سے بھی نوازا گیا۔
کلب کی جانب سے تحریک پاکستان کی قائد خواتین کے حوالے سے بنائی گئی ایک فلم کے ذریعےپاکستان کے قیام کی تاریخ اور جدوجہد کو پردہ سیمیں پرنشر کیا گیا۔
نوجوانوں اور بچوں نے تقریری مقابلوں میں بھی اپنے زور بیان پر داد و تحائف وصول کئے۔ ربیع الاول کی مناسبت سے مقابلہء نعت خوانی کروایا گیا اور شرکاء میں تمغے تقسیم کئے گئے۔
سفید شلوار قمیض اور سبز ویسٹ کوٹ میں ملبوس رضاکار، شرکاء محفل کی خدمت میں دل و نگاہ فرش راہ کئے کھڑے تھے۔
رنگارنگ ملبوسات، علاقائی لباس و زیورات ،لذیذ کھانوں، دستکاری و کھلونوں سے مزین سعودی و پاکستانی تہذیب کی عکاس نمائش بھی اس پروگرام کا حصہ تھے۔
بہترین اسٹال ربانی فوڈز والوں نے لگایا اور تمام شرکاء محفل کو مزیدار بریانی کھلائی۔ پاکستان کی بہترین چائے، مصالحے، اچار ان کے اسٹال کو اور بھی اشتہا انگیز بنا رہے تھے۔ ہم مشعل راہ کے ذہین و قابل بچوں نے اپنے ہاتھ کی بنائی ہوئی اشیاء کی نمائش کی اور شریک افراد کو خاص بچوں کے ہنر سے متاثر کیا۔
پروگرام کے آخر میں تقریب کی مناسبت سے مہمانان خصوصی اور تمام ٹیم کے ساتھ کیک کاٹا گیا اور اعزازی شیلڈز، تمغے اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔
پاکستانی کمیونٹی نے پروگرام کو سراہا اور اڈیپٹ وومن کی جانب سے مزید معیاری اور تربیتی پروگرامز انعقاد کا مطالبہ کیا۔