ڈاکٹررخشندہ پوری کی جانب سے قونصل جنرل کی اہلیہ فریدہ مجید کے اعزاز میں الوداعی تقریب
جدہ رپورٹ ثناء شعیب :پی این نیوز ایچ ڈی
معروف سماجی کارکن ڈاکٹر رخشندہ پوری کی جانب سے قونصل جنرل پاکستان کی اہلیہ فریدہ مجید کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمیونٹی سے وابستہ خواتین نے شرکت کی.
تقریب کا مقصد فریدہ مجید کی سعودی عرب میں خدمات اور مقامی کمیونٹی کے ساتھ ان کے مثبت روابط کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
اس موقع پر میزبان ڈاکٹر رخشندہ پوری نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ فریدہ مجید نے نہایت محبت، خلوص اور بردباری کے ساتھ پاکستانی خواتین کے لیے ہمہ وقت دسترس میں رہ کر قابلِ قدر کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ فریدہ مجید کا کمیونٹی کے ساتھ تعلق ہمیشہ پُرخلوص اور تعاون پر مبنی رہا، جسے خواتین برادری کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر رخشندہ پوری نے مزید کہا کہ ایسے افراد معاشرے میں مثبت سوچ اور بہتر روابط کی مثال بنتے ہیں۔
تقریب میں ٹریڈ قونصل سعدیہ خان، فرحانہ عرفان اور دیگر خواتین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مختصر اظہارِ خیال کرتے ہوئے خواتین نے کہا کہ فریدہ مجید نے اپنے وقت میں پاکستانی کمیونٹی، بالخصوص خواتین کے ساتھ ہمیشہ احترام اور حسنِ سلوک کا مظاہرہ کیا، جو قابلِ ستائش ہے۔
فریدہ مجید نے تقریب کے انعقاد پر ڈاکٹر رخشندہ پوری اور تمام شریک خواتین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب میں کمیونٹی کے ساتھ گزارا ہوا وقت ہمیشہ خوشگوار یادوں کے طور پر سنبھال کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کا تعاون، محبت اور اعتماد ان کے لیے بے حد قیمتی ہے اور وہ دعاگو ہیں کہ کمیونٹی اسی اتحاد اور اخوت کے ساتھ آگے بڑھتی رہے۔




