رپورٹ : (محمد نواز کھرل ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
لاہور میں مزنگ روڈ پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سے متصل ، سات ماہ پہلے بننے والا “ المصطفے آئی ہسپتال “ بجھی آنکھوں کی روشنی بحال کرنے کے لئے متحرک و فعال کردار ادا کر رہا ہے ۔ جدید ترین مشینوں سے آراستہ اس شاندار ہسپتال میں پچھلے سات ماہ میں 1517 سفید موتیا کے مفت آپریشن مکمل ہو چکے ہیں جبکہ ہسپتال کے شعبہ بیرونی مریضاں ( او پی ڈی ) میں سات ماہ کے دوران 18970 افراد استفادہ کر چکے ہیں ۔ المصطفے آئی ہسپتال کی طرف سے لاہور کے مختلف علاقوں اور لاہور کے گرد و نواح میں 100 او پی ڈی فری آئی کیمپ بھی لگائے جا چکے ہیں ، ان کیمپوں میں 17570 افراد کا آنکھوں کا مفت معائنہ کیا گیا اور اانھیں ادویات و چشمے فراہم کئے گئے ۔۔ یہ ہسپتال مستحق انسانوں کے لئے “ پرچی سے آپریشن تک “ مفت خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔۔ میو ہسپتال کے شعبہ امراض چشم کے چیئرمین اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ایچ او ڈی ڈاکٹر ناصر چوہدری “ المصطفے آئی ہسپتال “ میں سرجن کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور المصطفے ہسپتال کے ایچ او ڈی کے منصب پر بھی فائز ہیں ۔ المصطفے آئی ہسپتال میں ہر بدھ کو مفت آپریشن کئے جاتے ہیں ۔ بدھ 23 جون 2021 کو المصطفے آئی ہسپتال کے 34 ویں فری آئی کیمپ میں ماہنامہ “ تفکر “ کی چیف ایڈیٹر ، اردو اور پنجابی کی معروف شاعرہ ، کالم نگار اور ناول نگار محترمہ ڈاکٹر عمرانہ مشتاق نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی ۔ دوسرے مہمانان گرامی میں محمکہ خوراک پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد حسین کھوکھر ، محمکہ خوراک پنجاب کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عمر دراز اور سعودی عرب میں اہم سرکاری منصب کے فائز جناب محمد طفیل ڈھڈھیال شامل تھے ۔ تقریب کی نظامت کے فرائض “ المصطفے “ کے ڈائریکٹر میڈیا محمد نواز کھرل نے سرانجام دیئے جبکہ مقررین میں “ المصطفے کے کنٹری ڈائریکٹر تجمل گرمانی ، المصطفے آئی ہسپتال کی ایڈمن محترمہ نصرت سلیم اور ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر محمد شریف شامل تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف گیسٹ ڈاکٹر عمرانہ مشتاق نے کہا کہ اندھے پن کے خاتمے کے لئے “ المصطفے آئی ہسپتال “ کی شاندار خدمات لائق تحسین اور قابل قدر ہیں ۔ مخیر حضرات المصطفے آئی ہسپتال کے ساتھ مالی تعاون کر کے روشنی کے سفیر بنیں ۔ دیکھنے سے محروم ہو جانے والی آنکھوں کی بینائی پھر سے بحال کرنا بہت بڑی نیکی اور عظیم عبادت ہے ۔ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ دنیا کے 22 ممالک میں اپنے موثر اور منظم نیٹ ورک کے ذریعے دُکھی انسانیت کی بےلوث خدمت کر رہا ہے ۔ “ المصطفے “ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ حال ہی میں لندن سے فلسطین پہنچ کر مظلوم فلسطینیوں میں ( ایک لاکھ پاؤنڈ ) سوا دو کروڑ روپے کر کے اہم کارنامہ سرانجام دیا ہے ۔ ڈاکٹر عمرانہ مشتاق نے مزید کہا کہ مخلوق سے بھلائی ہی خالق تک رسائی کا بہترین ذریعہ ہے ۔ عبادت کی قضا ہے لیکن خدمت کی قضا نہیں ہے ۔ محکمہ خوراک پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد حسین کھوکھر نے کہا کہ المصطفے آئی ہسپتال لاہور میں آنکھوں کی سب بڑی علاج گاہ بن چکا ہے ۔ اس شاندار ہسپتال کی سات ماہ کی کارکردگی لائق تعریف اور حیران کن ہے ۔ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ہسپتال کے ساتھ “ المصطفے دسترخوان “ بھی بنایا گیا ہے جہاں پر ہر روز دو سو بندگان خدا کو معیاری کھانا مفت پیش کیا جاتا ہے ۔ المصطفے آئی ہسپتال غریبوں کو امیروں کے مہنگے ترین ہسپتالوں جیسی بہترین سہولیات مفت فراہم کر رہا ہے ۔ المصطفے آئی ہسپتال کی ایڈمن محترمہ نصرت سلیم نے اپنی تقریر میں کہا کہ “ روشنی سب کے لئے “ المصطفے کا مشن اور ماٹو ہے ۔ ہم اندھوں میں لاٹھیاں نہیں آنکھیں تقسیم کرتے ہیں ۔ لاہور کے بعد کامونکی میں بھی “ المصطفے آئی ہسپتال “ کی تعمیر شروع ہو گئی ہے ۔ المصطفے کا سفر خدمت اور احساس کا سفر ہے ۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں ، مریضوں اور ان کے لواحقین کو شاندار کھانا پیش کیا گیا ۔ بعد ازاں ڈاکٹر ناصر چوہدری نے پچاس خواتین اور مرد مریضوں کے لیزر آپریشن کئے ۔