انٹرویواہم خبریںبین الاقوامیبین الاقوامی خبریںپاکستانتصاویر اور مناظردلچسپ و عجیبکاروبارملٹی میڈیا

الریاض میں ایلیویٹ 2025 سعودی پاکستانی پروفیشنلز کمیونٹی کا کامیاب اور پُروقار سالانہ پروگرام

الریاض سعودی عرب شاہین جاوید : پی این نیوز ایچ ڈی

سعودی پاکستانی پروفیشنلز کمیونٹی کے زیرِ اہتمام سالانہ پروگرام "ایلیویٹ 2025” الریاض میں شاندار انداز میں منعقد ہوا، جس میں پیشہ ورانہ، سماجی اور خاندانی سرگرمیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کیا گیا۔ ایونٹ میں چار خصوصی زون قائم کیے گئے جن میں کمیونٹی ہال، اسٹارٹ اَپ پویلین، کارپوریٹ ہال اور فیملی ایکٹیویٹیز زون شامل تھے۔

کمیونٹی ہال میں اس سال بھرپور سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں، جہاں مختلف اداروں نے اپنے بوتھ لگائے۔ ان میں سعودی ٹورزم، متعدد تعلیمی اکیڈمیز، اور پاکستانی رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں شامل تھیں۔ ان بوتھس کا مقصد کمیونٹی کے افراد کو کاروباری، تعلیمی اور سرمایہ کاری کے متنوع مواقع فراہم کرنا تھا۔

اسٹارٹ اَپ پویلین میں خاص طور پر پاکستان سے آئے ہوئے اسٹارٹ اپس کی شوکیسنگ کی گئی، جس نے نوجوان پروفیشنلز، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ اس حصے کا مقصد جدید آئیڈیاز، ٹیکنالوجی پر مبنی حل اور کاروباری تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔

کارپوریٹ ہال میں اس سال کے اسپانسرز نے اپنے کارپوریٹ بوتھ قائم کیے، جہاں انہوں نے اپنی خدمات اور کمیونٹی کے ساتھ تعاون کے مختلف مواقع پیش کیے۔
تقریب کی نمایاں خصوصیات میں پاکستان سے تشریف لانے والے ممتاز ماہرین سلمان آصف صدیقی اور طفیل احمد خان کے خصوصی سیشنز شامل تھے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔ اس کے علاوہ پینل ڈسکشنز، جاب سپورٹ پروگرام اور پروفیشنل نیٹ ورکنگ سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

فیملی زون میں بچوں اور خواتین کے لیے خصوصی سرگرمیاں منعقد کی گئیں جبکہ خواتین کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز میں دستکاری، گھریلو مصنوعات اور چھوٹے کاروباروں کی نمائش شامل تھی، جس نے خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو نمایاں طور پر اجاگر کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی عزت ماب معظم علی، ڈپٹی ہیڈ آف مشن، سفارت خانہ پاکستان (سعودی عرب) تھے۔ انہوں نے کمیونٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے نمایاں خدمات انجام دینے والے اراکین میں اسناد بھی تقسیم کیں۔

بانی کمیونٹی فیصل احمد غوری نے کہا کہ "ایلیویٹ 2025” کی کامیابی پوری ٹیم، رضاکاروں اور اسپانسرز کے جذبے اور لگن کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف کمیونٹی کو مضبوط کرتی ہیں بلکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے نئے مواقع اور مثبت تعاون کو فروغ دیتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے