شاہ سلمان مرکز کی جانب سے 200 ٹرکوں پر مشتمل قافلہ افغانستان روانہ 318

شاہ سلمان مرکز کی جانب سے 200 ٹرکوں پر مشتمل قافلہ افغانستان روانہ

(سٹاف رپورٹ ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

سعودی عرب کی جانب سے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے زیراہتمام افغانستان کے لیے 200 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کے سلسلے کا پہلا قافلہ اسلام آباد سے روانہ کر دیا گیا ہے۔
منگل کو امدادی سامان کے قافلے کو چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے روانہ کیا۔
کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر افغانستان کی ابتر صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے افغان خاندانوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 1920 ٹن غذائی اور غیر غذائی اشیا سے لدے 200 ٹرک پاکستان کے راستے افغانستان بھیجے گا۔
30 ہزارغذائی پیکجز اور 10 ہزار غیر غذائی پیکجز کی تقسیم سے افغانستان میں رہنے والے غریب اور مستحق افراد کی مدد ہوگی۔
ہر غذائی پیکج میں تمام ضروری اشیائے خوردونوش شامل ہیں جبکہ غیر غذائی پیکیج میں 20 ہزار رضائیاں اور 10 ہزار کٹس بیں، جن میں مردانہ زنانہ گرم شالیں اور بچوں و بڑوں کے لیے گرم ملبوسات شامل بیں۔ اس ریلیف پیکجز سے افغانستان میں تقریباً دو لاکھ 80 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ ‘سعودی عرب کے اس انسان دوست اقدام کو سراہتے ہیں۔ افغانستان میں انسانی المیے سے بچنے کے لیے اس قسم کے اقدامات انتہائی اہم ہیں۔‘امدادی سامان کے 30 ہزار غذائی پیکجز میں ایک پیکیج کا وزن 61 کلو گرام ہے، جس میں پانچ کلو چاول، پانچ کلو کھانے کا تیل، تین کلو دال چنا، پانچ کلو لوبیا، تین کلو چینی اور 40 کلو آٹا شامل ہے۔
اسی طرح غیر غذائی سامان کے 10 ہزار پیکجز میں دو کمبل، رضائیاں، عورتوں اور مردوں کے لیے گرم چادریں، جرابیں ٹوپیاں سویٹر اور جیکٹس شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں