انٹرویواہم خبریںپاکستانتصاویر اور مناظردلچسپ و عجیبسیاستملٹی میڈیا

عمران خان کے نامزد کردہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر،نوٹیفکیشن جاری

اسٹاف رپورٹ :پی این نیوز ایچ ڈی

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سینیٹر اور مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کو سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری سینیٹ حفیظ اللہ شیخ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر بتایا کہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کو اپوزیشن بینچز کے 32 میں سے 22 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف کو ڈکلیئر کرنے کا آئینی اور قانونی اختیار چیئرمین سینیٹ کے پاس ہوتا ہے، جس کے تحت سینیٹر ناصر عباس کو قائد حزبِ اختلاف ڈکلیئر کیا جا رہا ہے.

چیئرمین سینیٹ نے وضاحت کی کہ قائد حزبِ اختلاف کے نوٹیفکیشن کا معاملہ کچھ عرصے سے سینیٹ سیکرٹریٹ میں زیرِ التوا تھا، تاہم اس میں تاخیر کی وجہ عدالتی پروسیجرز تھے۔ اب تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد سینیٹ رولز کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے.

واضح رہے کہ اس سے قبل سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف کی نشست شبلی فراز کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نئے قائد حزبِ اختلاف کے انتخاب کے لیے مشاورت جاری تھی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں قومی اسمبلی میں بھی قیادت میں تبدیلی دیکھنے میں آئی تھی، جہاں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا تھا.

سیاسی مبصرین کے مطابق سینیٹ میں علامہ راجہ ناصر عباس کی بطور قائد حزبِ اختلاف تقرری ایوان بالا میں اپوزیشن کے کردار کو مزید متحرک بنانے میں اہم ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں قانون سازی اور حکومتی پالیسیوں پر سخت پارلیمانی نگرانی متوقع ہے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے