سعودی عرب میں گاڑیوں کی ورکشاپس کے لیے نئے ضوابط نافذ
اسٹاف رپورٹ: پی این نیوز ایچ ڈی
سعودی وزارتِ بلدیات و ہاؤسنگ نے گاڑیوں کی ورکشاپس کے لیے نئے ضوابط کا اعلان کر دیا ہے، جن کے تحت ورکشاپ چلانے کے لیے کارآمد کمرشل رجسٹریشن اور ’’بلدی‘‘ پورٹل کے ذریعے لائسنس حاصل کرنا لازم ہو گا۔
اخبار 24 کے مطابق ان ضوابط کا اطلاق تمام اقسام کی گاڑیوں کی ورکشاپس پر ہو گا، جن میں الیکٹرک، الیکٹرانک، مکینیکل، ڈینٹنگ و پینٹنگ اور ٹائر و پنچر کی دکانیں شامل ہیں۔ لائسنس کے حصول کے لیے متعلقہ اداروں سے این او سی (NOC) لینا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق ورکشاپس صرف مخصوص مقامات پر قائم کی جا سکیں گی، جو صنعتی زونز اور کمرشل اسٹریٹس میں واقع ہوں گے۔ تعمیراتی کوڈ کی مکمل پابندی، گاڑیوں کے لیے مخصوص پارکنگ کی دستیابی اور حفاظتی ضوابط پر عمل لازمی ہو گا۔ اس کے علاوہ ورکشاپس میں سیکیورٹی کیمروں اور مناسب روشنی کا بندوبست بھی کرنا ہو گا۔
نئے ضوابط کے تحت ورکشاپس کو فٹ پاتھ اور عوامی گزرگاہوں کے استعمال سے سختی سے منع کیا گیا ہے، جبکہ علاقے کی صفائی ستھرائی برقرار رکھنا بھی لازم ہو گا۔ استعمال شدہ موبل آئل کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور تیل کے زمین پر پھیلاؤ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
وزارت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ تمام ادائیگیاں الیکٹرانک ذرائع سے کی جائیں گی، تاکہ شفافیت اور نظام کی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔



