ویزہ پروٹیکٹر رکھنے والے افراد کو کسی بھی ایئرپورٹ سے آف لوڈ نہیں کیا جائے گا، ایم ڈی او پی ایف
ریاض رپورٹ : عالم خان مہمند، پی این نیوز ایچ ڈی
اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے مینجنگ ڈائریکٹر محمد افضال بھٹی نے واضح کیا ہے کہ جن افراد کے ویزے پروٹیکٹر ہو چکے ہیں، انہیں پاکستان کے کسی بھی ایئرپورٹ سے آف لوڈ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ او پی ایف سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے.
ریاض میں منعقدہ ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد افضال بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سمندر پار پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اسی وجہ سے موجودہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مڈل ایسٹ سمیت دیگر ممالک میں جانے والے افراد کے لیے اسکلڈ پروگرامز متعارف کروائے گئے ہیں تاکہ پاکستانی محنت کش بیرونِ ملک بہتر مواقع حاصل کر سکیں.
انہوں نے کہا کہ او پی ایف ہر سال تقریباً پانچ ہزار افراد کو تربیت دے کر ہنر مند بنانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کے تعاون سے ایسا لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے جس کے تحت ویزہ پروٹیکٹر رکھنے والے مسافروں کو کسی بھی ایئرپورٹ پر آف لوڈ نہیں کیا جائے گا، اور اس فیصلے پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے.
ایم ڈی او پی ایف نے مزید بتایا کہ بیرونِ ملک انتقال کرنے والے پاکستانیوں کے لواحقین کو دیے جانے والے معاوضے میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جو تین لاکھ روپے سے بڑھا کر دس لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ بیرونِ ملک زخمی ہونے والے پاکستانیوں کو چھ لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی.
تقریب میں موجود کمیونٹی رہنماؤں شیخ سعید احمد، محمود الحق ڈوگر، عدنان اقبال بٹ، احسن عباسی، وسیم ساجد، ڈاکٹر کنول انیس، سید ثاقب زبیر، مشتاق بلوچ، ذکاء اللہ محسن اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کر کے اور انہیں مزید سہولیات فراہم کر کے نہ صرف ان کی مشکلات کم کی جا سکتی ہیں بلکہ انہیں ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بھی بنایا جا سکتا ہے.






