پاکستان کلچرل نائٹ اختتام پزیر، ثقافت و رنگوں کا دلکش میلہ
رپورٹ الریاض شاہین جاوید : پی این نیوز ایچ ڈی
سویدی پارک میں منعقد ثقافتوں کا میلہ ریاض سیزن 2025 کی اہم تفریحی اور سیاحتی تقریبات کا حصہ ہیں.
سعودی منسٹری آف میڈیا کی جانب سے گلوبل ہارمنی کے تحت منعقدہ تین روزہ پاکستان کلچرل نائٹ میلہ اپنی تمام تر رعنائیوں اور ثقافتی مسحور کن رنگوں کے ساتھ اختتام پزیر ہو گیا۔ اس میلے میں پاکستانی موسیقی، لوک رقص، دستکاری، فنونِ لطیفہ اور روایتی کھانوں سمیت پاکستان کی ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو بڑی خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا.
سعودی دارالحکومت الریاض کے سویدی پارک میں منعقدہ اس رنگا رنگ ثقافتی میلے میں بڑی تعداد میں پاکستانی، سعودی اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد پاکستانی میوزک پر بھنگڑے ڈالے اور خوب انجوائے کیا۔
کلچرل میلے میں پاکستان کی روایتی ثقافت، موسیقی، فنونِ لطیفہ، لوک رقص، ہنرمندی اور روایتی کھانوں کے اسٹالز نے شرکاء کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ پاکستانی گلوکاروں اور فنکاروں کی پرفارمنس نے میلے کے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا، جبکہ ثقافتی شو میں مختلف صوبوں کی نمائندگی کرنے والے رقص اور میوزیکل سیگمنٹس کو بے حد سراہا گیا۔ پاکستان کے مشہور سونو ڈینجرس اور سلیم رفیق کی شاندار پرفارمنس نے میلے میں چار چاند لگا دیئے۔
تقریب میں موجود سعودی اور غیر ملکی مہمانوں نے پاکستان کی ثقافت، مہمان نوازی اور فنکارانہ ورثے کو شان دار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
تین روزہ پروگرام کے کامیاب انعقاد کو پاکستانی کمیونٹی اور شرکاء نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اس سلسلے کو جاری رکھنے کی امید کا اظہار کیا.





