نومبر اور دسمبر خشک گزرنے کا امکان , محکمہ موسمیات
اسٹاف رپورٹ: پی این نیوز ایچ ڈی
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں برس نومبر اور دسمبر میں ملک بھر میں بارش ہونے کے کوئی امکانات موجود نہیں، جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کے آثار بھی نظر نہیں آرہے.
ملک کے بیشتر حصوں میں خشک سردی کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے ہفتوں میں میدانی علاقوں میں اسموگ اور دھند میں مزید اضافہ ہوگا.
ڈپٹی ڈائریکٹر میٹ عرفان ورک نے بتایا ہے کہ آئندہ دنوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا، درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کا امکان ہے اور اسموگ و فوگ میدانی شہروں میں برقرار رہے گی.
محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ پہلے سے موجود مقدار کے مطابق ہی ریگولیٹ کرنا پڑے گا، کیونکہ موجودہ موسمی صورتحال کے باعث نہ برف پگھلنے کا امکان ہے اور نہ ہی بارشوں سے پانی میں اضافہ متوقع ہے.
ادھر ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بارش نہ ہونے سے پانی کے ذخائر متاثر ہوسکتے ہیں، لہٰذا آبی وسائل کے محتاط استعمال کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے تاکہ اگر خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہو تو بروقت اقدامات کیے جاسکیں.




