آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا، پاکستان اور نیدرلینڈز 7 فروری کو میدان میں اتریں گے
اسٹاف رپورٹ: پی این نیوز ایچ ڈی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ تمام ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ میگا ایونٹ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے 5 اور سری لنکا کے 3 اسٹیڈیمز ایونٹ کے مختلف میچز کی میزبانی کریں گے۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ 7 فروری کو پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان سری لنکا میں شیڈول ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم اپنے تمام گروپ میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گی، جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا ٹاکرا 15 فروری کو کولمبو میں مقرر کیا گیا ہے۔ یہ میچ ایونٹ کے سب سے زیادہ ہائی پروفائل مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
آئی سی سی نے فائنل کے لیے احمد آباد کو مرکزی اسٹیڈیم قرار دیا ہے، تاہم ایک اہم شرط بھی شامل کی گئی ہے۔ اگر پاکستان ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کرتی ہے تو ٹائٹل میچ کولمبو منتقل کر دیا جائے گا۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ سیکیورٹی اور لاجسٹکس کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
گروپ اسٹرکچر کے مطابق:
گروپ اے
پاکستان
بھارت
امریکا
نمیبیا
نیدرلینڈز
ایونٹ کے فارمیٹ کے تحت ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں اگلے مرحلے سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کریں گی، جس کے بعد سیمی فائنلز اور فائنل کھیلا جائے گا۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق 20 ٹیموں کی شمولیت کے بعد یہ ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے بڑا ٹی 20 ٹورنامنٹ بن گیا ہے، جبکہ پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا عالمی کرکٹ میں خاص توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔




