سعودی وزارتِ ہیومن ریسورسز نے غیر قانونی گھریلو ملازمین کے لیے قیام کو قانونی بنانے کی مہلت میں 6 ماہ کی توسیع کا اعلان کر دیا
اسٹاف رپورٹ : پی این نیوز ایچ ڈی
سعودی عرب کی وزارت ہیومن ریسورسز و سماجی ترقی نے اعلان کیا ہے کہ غیر قانونی گھریلو ملازمین کو اپنے قیام کو قانونی بنانے کے لیے دی گئی مہلت میں 6 ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔
وزارت کے مطابق یہ نئی مہلت آج سے شروع ہو کر اگلے 6 ماہ تک جاری رہے گی۔ اس فیصلے کا مقصد گھریلو ملازمین اور ان کے مالکان کو مزید وقت دینا ہے تاکہ وہ “مساند” پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے غیر حاضر یا غیر قانونی ملازمین کے معاملات خودکار طریقے سے درست کر سکیں۔
وزارت نے واضح کیا کہ یہ اقدام افرادی قوت کے شعبے میں بہتری، معاہداتی تعلقات کے نظم و نسق، اور لیبر مارکیٹ کے استحکام کے لیے کیا گیا ہے۔
اس سہولت سے وہ گھریلو ملازمین فائدہ اٹھا سکیں گے:
جن کے اقامے ختم ہو چکے ہیں،
یا جن کے بارے میں غیر حاضری (ہروب) کی رپورٹ درج ہے،
بشرطیکہ وہ تمام قانونی تقاضے مکمل کریں۔
مزید کہا گیا کہ یہ سہولت صرف ان افراد پر لاگو ہوگی جو اس اعلان کے بعد دوبارہ غیر حاضر نہیں ہوں گے۔




