انٹرویواہم خبریںبین الاقوامیبین الاقوامی خبریںپاکستانتصاویر اور مناظرتعلیمدلچسپ و عجیبملٹی میڈیا

ابتلا و مصائب میں صبر ہی ایمان کا اصل امتحان ہے، شیخ توصیف الرحمن راشدی کا مکتب الدعوۃ جدہ میں ایمان افروز خطاب

جدہ رپورٹ-ثناء شعیب :پی این پی نیوز ایچ ڈی

گزشتہ روز مکتب الدعوۃ جدہ میں عالمِ ربانی، داعی قرآن و سنت، فضیلۃ الشیخ سید توصیف الرحمن راشدی حفظہ اللہ تعالیٰ نے نہایت پُراثر اور ایمان افروز خطاب فرمایا، جس نے حاضرین کے دلوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

آپ کا خطاب نہایت اہم اور فکرانگیز موضوع "ابتلا و مصائب میں مسلمان کا طرزِ عمل” تھا۔ شیخ محترم نے فرمایا کہ مصیبتوں اور آزمائشوں میں صبر، تحمل اور بصیرت کے ساتھ ثابت قدم رہنا ہی مومن کے ایمان کا حقیقی امتحان ہے۔ انہوں نے نہایت پُراثر اندازمیں بتایا کہ کائنات کی افضل ترین ہستیاں انبیاء علیہم السلام سب سے زیادہ سختیوں سے دوچار ہوئیں، لیکن انہوں نے ہر آزمائش پر صبر اور رضا کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے فیصلے کو تسلیم کیا۔ اسی طرح صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین، ائمہ و محدثین نے بھی طرح طرح کی آزمائشیں برداشت کیں اور ہمیشہ صبر و استقلال کا مظاہرہ کیا۔

شیخ محترم نے فرمایا کہ اکثر لوگ معمولی باتوں پر واویلا شروع کر دیتے ہیں، لیکن آخرکار انہیں صبر کرنا ہی پڑتا ہے۔ اگر وہ آغاز ہی سے صبر و رضا کا مظاہرہ کریں تو دنیا و آخرت دونوں میں کامیاب رہیں گے، ورنہ آزمائش کے وقت بے صبری دکھانے والے محرومیوں کے شکار رہ جاتے ہیں۔

فتنۂ خوارج پر گفتگو کرتے ہوئے آپ نے نہایت واضح انداز میں فرمایا کہ حکمرانوں کے خلاف خروج، فتنہ و فساد برپا کرنا اور خونریزی پھیلانا اسلام میں کسی طور جائز نہیں۔ ایسے اقدامات سے معاشرہ تباہی و انارکی کا شکار ہو جاتا ہے، اور عوام کا سکون چھن جاتا ہے اور وہ پہلے زیادہ برے حالات سے دو چار ہو جاتے ہیں ۔

بعد ازاں مرزا احمد بیگ صاحب کے ویلا میں ایک پُروقار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں شیخ محترم نے شرکاء کے مختلف سوالات کے نہایت مدلل اور اطمینان بخش جوابات دیے۔ یہ روحانی و علمی محفل رات گئے اختتام پذیر ہوئی۔

اس پروگرام کے کامیاب انعقاد میں محترم عبدالقیوم سلفی صاحب، طارق نعیم صاحب، سعید قاسمی صاحب اور محمد طارق صاحب نے بھرپور کردار ادا کیا، جو بجا طور پر تحسین و مبارکباد کے مستحق ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں اپنے علماء کی باتوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں صبر، یقین اور عملِ صالح سے مزین زندگی عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے