ایلون مسک، زکربرگ اور دیگر سرمایہ کار امریکی وفد میں شامل 13

ایلون مسک، زکربرگ اور دیگر سرمایہ کار امریکی وفد میں شامل

اسٹاف رپورٹ:پی این پی نیوز ایچ ڈی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سعودی دارالحکومت ریاض کے دورے کے دوران ان کے ہمراہ امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ بڑی امریکی کمپنیوں کے اعلیٰ سربراہان بھی موجود ہوں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق صدرِ امریکہ کا یہ دورہ علاقائی سلامتی، دفاع، توانائی اور سرمایہ کاری جیسے اہم امور پر مرکوز ہوگا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جاری تعاون بھی زیر بحث آئے گا۔
دورہ کرنے والوں میں ایلون مسک، مارک زکربرگ، لیری فنک، سیم آلٹمین اور ہوائی جہاز بنانے والی کمپنی بوئنگ کے عہدیداران سمیت دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔
امریکی سرمایہ کار سعودی تاجروں سے ملاقات کریں گے تاکہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جا سکے جن میں ہوائی جہاز اور گاڑیوں کی صنعت، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، کرپٹو کرنسی، جنگی ساز و سامان اور مالیاتی شعبے شامل ہیں۔
امریکی سرمایہ کار دورے کے دوران کئی شعبوں میں معاہدے طے پانے کی امید رکھتے ہیں تاکہ سعودی عرب اور امریکہ دونوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے جو دونوں ممالک کی معیشت کے لیے فائدہ مند ہوگا۔
یہ دورہ سعودی عرب کی جانب سے اپنی معیشت کو متنوع بنانے اور اسے عالمی سرمایہ کاری اور تجارت کا مرکز بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
سعودی عرب براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے، ابھرتے ہوئے شعبوں کو فروغ دینے اور بیرونی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے لیے کوشاں ہے۔
یہ دورہ سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کا بھی مظہر ہے جو کئی دہائیوں پر محیط ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں