برلن رپورٹ : مطیع اللہ :پی این پی نیوز ایچ ڈی
جرمن پاک پریس کلب کے چئیر مین اور صدر جناب ظہور احمد کی جانب سے کراچی پاکستان سے تشریف لانے والے نجی ٹیلی ویژن کے صحافی کاشف رضا کے اعزاز میں برلن کے پاکستانی ریسٹورنٹ میں پر تکلف عشائیہ دیا۔ کاشف رضا نے اس موقع پر جرمن پاکستان پریس کلب کے اراکین کو پاکستان کی تازہ ترین صحافت کی صورتحال سے آگاہ کیا اور پاکستان میں صحافت کے شعبے اور صحافیوں کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی ۔ کاشف رضا ناول نگار اور شاعر بھی ہیں۔ انہوں نے جرمنی میں اپنی آمد کے مقصد کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ دنوں اُن کے یو بی ایل ایوارڈ یافتہ ناول “چار درویش اور کچھوا” کا اردو ترجمہ جرمنی میں ہوا ہے جس کا جرمنی کے مختلف شہروں میں باقائدہ اجراء کیا جارہا ہے۔ وہ جرمنی اسی حوالے سے تشریف لائے ہیں۔ اُردو آواز ادب برلن کے روح رواں انور ظہیر رہبر اور عشرت معین سیما کی جانب سے بھی جرمنی کے دارالحکومت برلن میں کاشف رضا کے شعری مجموعے “ گل دو گانہ “ کا ایک پُر وقار تقریب میں اجراء کیا گیا اور ناول کے جرمن ترجمہ کو متعارف کروایا گیا۔
جرمن پاکستان پریس کلب کے چئیر مین جناب ظہور احمد نے بھی برلن میں پریس کلب کی کارکردگی اور مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر بیلجیم کے مرحوم صحافی خالد حمید فاروقی کی یورپ میں صحافتی خدمات کو بھی یاد کیا گیا اور اُن کے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔
پاکستان کے ثقافتی کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے بعد پریس کلب کے عہدے داران اور اراکین نے کاشف رضا کے ساتھ پریس کلب کے جنرل سیکٹری مطیع اللہ کی عیادت اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اُن کی صحت و سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔