انٹرویواہم خبریںبین الاقوامیبین الاقوامی خبریںپاکستانتصاویر اور مناظردلچسپ و عجیبکاروبارملٹی میڈیا

سعودی عرب میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں شاندار عشائیہ – کاروباری روابط کے فروغ اور مشترکہ ترقیاتی اقدامات پر زور

الخبر، سعودی عرب خصوصی رپورٹ طاہر کرامت: پی این پی نیوز ایچ ڈی

ملک محمد لطیف کی میزبانی میں الخبر کے ریسٹورنٹ میں ایک باوقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروقار تقریب میں سعودی عرب کے مشرقی صوبے کی ممتاز پاکستانی کاروباری و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

اس عشائیے کا مقصد سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی کے درمیان باہمی روابط کو مضبوط بنانا، پاکستانی مصنوعات کی سعودی مارکیٹ میں مؤثر رسائی کو فروغ دینا اور مختلف کاروباری شعبوں میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف سماجی و کاروباری شخصیت رانا خالد (ریاض) تھے، جو زاہد بٹ اور معروف ٹیلیکام انجینئر بھٹی صاحب کے ہمراہ شریک ہوئے۔ رانا خالد نے پاکستانی بزنس اپروچ، مقامی مارکیٹ کے تقاضے اور سعودی عرب میں موجود مواقع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات کاروباری یکجہتی کو فروغ دیتی ہیں اور وہ پیش کردہ تجاویز کو حکومتی سطح پر اُجاگر کر کے ان پر عملدرآمد کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

پاکستان ایمبیسی ریاض کے سینئر نمائندگان، رانا صغیر اور راجہ عمران نے بھی عشائیے میں خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے سعودی وزارتِ تجارت کے نئے قوانین، کاروباری سہولیات اور قانونی فریم ورک کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

اکمل پرویز (اے جے کارپوریشن) نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی پروڈکٹس، افرادی قوت اور مارکیٹنگ اپروچ میں بہتری لا کر سعودی مارکیٹ میں پاکستانی بزنس کا شیئر کئی گنا بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ذاتی اور ادارہ جاتی سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

تقریب میں دیگر ممتاز کاروباری شخصیات جیسے رانا عمیر، رانا عرفان، راجہ طالب کیانی، ملک انوارالحق، اور آفتاب چوہدری نے بھی خطاب کیا اور قابلِ عمل تجاویز پیش کیں۔
رانا عرفان یعقوب نے اپنے بینکنگ تجربات کی روشنی میں پاکستانی انویسٹرز کو کمرشل سپورٹ فراہم کرنے کا اعادہ کیا، جبکہ اورکو کمپنی کے مالک عتیق الرحمن نے اپنی کمپنی کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن سپورٹ کا اعلان کیا اور میزبان کی کاوشوں کو ایک مثالی قدم قرار دیا۔

میزبان ملک محمد لطیف نے تقریب کے اختتام پر کہا کہ وہ سعودی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے آگاہی سیمینارز کا اہتمام کریں گے تاکہ بزنس کمیونٹی کی رہنمائی ممکن ہو۔
جبیل سے آئے ہوئے سینئر انویسٹرز، آفتاب چوہدری اور ملک اظہر نے اس عشائیے کو معلوماتی اور مفید قرار دیا۔

راجہ طالب کیانی نے اعلان کیا کہ اس سلسلے کا اگلا پروگرام دو ہفتوں بعد جبیل میں منعقد کیا جائے گا، تاکہ اس عمل کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے سعودی عرب میں ایک باقاعدہ "پاکستانی بزنس گروپ” کے قیام پر اتفاق کیا، اور رانا عمیر کو کمیونٹی کا تفصیلی بزنس پروفائل تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔

یہ عشائیہ نہ صرف ایک سماجی میل جول کا موقع تھا بلکہ اس نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کو متحد ہو کر نئے امکانات تلاش کرنے کا عزم بھی بخشا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے