سٹاف رپورٹ
یہ ویزے دس سال سے بند تھے۔2011 میں کویت کے ورک ویزوں کو بند کیا گیا تھا۔پاکستان کی وزارت داخلہ کی کاوشیں کام لے آئیں۔ویزا بحالی کا فیصلہ وزیر داخلہ شیخ رشید کی کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالدالحامدالصباح سے ملاقات میں کیا گیا.
بیان کے مطابق خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کر اب کویت جا سکیں گے۔
وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق کویتی وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے درمیان ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔2011 سے بند پاکستانی شہریوں کے لیے کویتی ویزے کی بحالی پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔ میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق ملاقات میں کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں۔پاکستان اور کویت کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔
بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی بھائی چارہ اور محبت ہے۔ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزے کی بندش سے بے پناہ مسائل درپیش تھے۔ پاکستانی لیبر کا کویت کی اولین ترقی میں بہت اہم کردار ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھے گی۔
